مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر حجۃ الاسلام سید ابراہیم رئیسی نے اپنے ایک پیغام میں ملک کے عام انتخابات میں ایران کے باشعور عوام کی بروقت شرکت کو سراہتے ہوئے کہا: میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ تمام بندوں خصوصاً پارلیمنٹ کے منتخب عہدیداران کو توفیق دے کہ وہ ملک کے مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات اور عوام کی اس شفقت و محبت کی قدر دانی کر سکیں۔
صدر رئیسی کے پیغام کا متن درج ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
ایران کی باشعور قوم پر خدا کی رحمتیں اور برکتیں ہوں کہ جو پورے شعور اور وقت کی پابندی کے ساتھ ملک کے انتخابات میں بھرپور شرکت کے ذریعے وطن عزیز کی سربلندی اور ملک کے دشمنوں کی مایوسی کا باعث بنی۔
وطنِ عزیز ایران کے بدخواہوں نے یکم مارچ کے انتخابات کو ناکام بنانے کے لئے اربوں ڈالر خرچ کئے اور اپنی تمام توانائیاں صرف کیں لیکن ایران کے جذبہ ایمان و امید سے سرشار باشعور عوام کی بروقت اور پرجوش شرکت نے عالمی استکبار کو مایوس اور رسوا کیا۔
آپ کی پرجوش شرکت اور میدان میں بر وقت حاضری دشمن کو پچھلے سال کے فسادات کے بعد پہنچنے والا ایک اور صدمہ ہے جس سے وہ مکمل طور پر رسوا ہوچکا ہے۔
اس بابت بارگاہ خداوندی میں شکر بجا لانے کے ساتھ ایرانی کی باشعور قوم کو سلام پیش کرتا ہوں اور ملک کے عوام، مختلف سیاسی گروہوں، مجتہدین و مراجع عظام، میڈیا اراکین، خاص طور پر ملکی میڈیا اور ان تمام لوگوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے انتخابات کے پر امن انعقاد میں اپنا کردار ادا کیا۔ خاص طور پر انتخابات کے منتظمین، مبصرین، پولیس اور سیکورٹی فورسز کی مسلسل کوششوں کی تعریف کرتا ہوں۔
میں خداوند متعال سے دعا گو ہوں کہ وہ عوام کے خادموں بالخصوص پارلیمنٹ کے منتخب نمائندوں کو ملک کے مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات کرنے اور عوام کی ان محبتوں کا جواب دیتے ہوئے ان کی توقعات پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔
سید ابراہیم رئیسی
صدر اسلامی جمہوریہ ایران
آپ کا تبصرہ